بیوروکریسی کےن لیگ سے مالی، جذباتی روحانی رشتے ہیں، حسن نثار

کراچی(جنگ نیوز) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ بیورو کریسی کا برسہا برس سے مالی، جذباتی اور روحانی رشتہ ن لیگیوں کے ساتھ ہے، سختی کے بغیر آبادی پرکنٹرول نہیں ہوسکتا نواز شریف خلائی مخلوق کہہ چکے ہیں یہ بیان میڈیا میں نشر بھی ہوا اور شائع بھی ہوا، اس کے بعد نواز شریف کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ان کی بات نہ چھپے گی نہ رپورٹ ہوگی؟ نواز شریف مجھے فون پر بتادیں کیا کہنا چاہ رہے ہیں جو کہیں گے ویسے ہی دہراؤں گا اور اگر سنسر کیا گیا تو ادارہ چھوڑ دوں گا۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ حسن نثار نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ ہمارا مائنڈ سیٹ بدل گیا ہے تو نریندر مودی کو یہ پیغام سمجھنا چاہئے، بیوروکریسی اس وقت تحریک انصاف کی حکومت کو جانچ رہی ہے کہ اس کے ساتھ کیسا سلوک کرنا ہے، نئے باسز کس لیول کے ہیں اور ان کا وژن کیا ہے، بیوروکریسی کا رویہ بھی آہستہ آہستہ درست ہوجائے گا۔آبادی میں اضافہ روکنے کیلئے حکومت کا ٹاسک فورسز بنانے کے فیصلے پر تبصرہ کرتےہوئے حسن نثار نے کہا کہ ماضی میں بھی کئی دفعہ آبادی پر کنٹرول کرنے کیلئے مہم چلائی جاچکی ہے مگر کسی کو سمجھ نہیں آئی، رینٹ اے چائلڈ سوسائٹی میں ڈنڈا گیری کے بغیر آبادی پرکنٹرول نہیں ہوسکتا ہے، یہ ان لوگوں کیلئے بچے نہیں بلکہ فیکٹریاں ہیں، یہ لوگ تو چھ مہینے کے بچے کو منشیات دے کر اس کے نام پر بھیک مانگنا شروع کردیتے ہیں۔